نئی دہلی ،30؍مئی( ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا )کانگریس صدر راہل گاندھی نے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں ایک پیسے کی کمی کئے جانے کو لے کر آج وزیر اعظم نریندر مودی پر نشانہ لگایا اور کہا کہ اگر یہ مذاق ہے تو وہ ’بچکانہ اور ہلکاہے۔راہل نے ٹویٹ کر کہاکہ عزیز وزیر اعظم، آپ نے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں ایک پیسے کی کمی کی ہے۔ایک پیسہ ؟انہوں نے کہاکہ اگر یہ مذاق بنانے کا خیال ہے تو یہ بچکانہ اور ہلکا ہے۔کانگریس صدر نے کہاکہ میں نے آپ کو جو چیلنج دیا تھا اس کا یہ ایک پیسے کی کمی مناسب جواب نہیں ہے۔حال ہی میں سوشل میڈیا میں بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان وراٹ کوہلی کے ’فٹنس چیلنج‘کو وزیر اعظم کی طرف سے قبول کئے جانے کے بعد راہل نے مودی کو پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم کرنے کے لئے ’چیلنج‘دیا تھا۔غور طلب ہے کہ مسلسل 16 دن تک قیمت میں اضافہ کے بعد پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں آج ایک پیسہ فی لیٹر کی کمی کی گئی۔